انسانوں کے لیے شادی کیوں ضروری ہے؟ اس سوال کے یوں تو کئی جواب موجود ہیں مگر سائنسدانوں نے شادی کا ایک ایسا فائدہ بتا دیا ہے جس سے شادی کی ضرورت اور افادیت جامع طور پرعیاں ہوتی ہے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ14فروری2017)انسانوں کے لیے شادی کیوں ضروری ہے؟ اس سوال کے یوں تو کئی جواب موجود ہیں مگر سائنسدانوں نے شادی کا ایک ایسا فائدہ بتا دیا ہے جس سے شادی کی ضرورت اور افادیت جامع طور پرعیاں ہوتی ہے.مغربی معاشروں میں یہ شرمناک روایت پائی جاتی ہے کہ وہاں مردوخواتین شادی کیے بغیر بھی بچے پیدا کرتے ہیں.

سائنسدانوں نے اپنی تحقیق میں ایسے لوگوں کے ہاں پیدا ہونے والے بچوں کا شادی شدہ لوگوں کے بچوں سے موازنہ کیا ہے اور اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ بغیرشادی کے پیدا ہونے والے بچوں میں خوداعتمادی کا شدید فقدان ہوتا ہے اور یہ سماجی ترقی اور مرتبے میں بھی کمتر رہ جاتے ہیں. ’’بغیرشادی کے مردوعورت کا تعلق خواہ کتنا ہی خوشگوار اور طویل کیوں نہ ہو، مگر ان کے بچوں میں خوداعتمادی کا اسی قدر فقدان بہرحال موجود ہوتا ہے.‘‘اس تحقیق کے لیے میرج فاؤنڈیشن اور برٹش ہاؤس ہولڈ پینل سروے نے مشترکہ طور پر 3ہزار822نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کی خوداعتمادی و شخصیت کے دیگر پہلوؤں اور ان کے والدین کے باہمی تعلق کا جائزہ لیا جس میں ثابت ہوا کہ سب سے زیادہ خوداعتمادی شادی شدہ ماں باپ کے ہاں پرورش پانے والے لڑکوں میں پائی جاتی ہے جبکہ خوداعتمادی کا سب سے زیادہ فقدان شادی کے بغیربچے پیدا کرنے والے مردوخواتین کے ہاں پیدا ہونے اور پرورش پانے والی لڑکیوں میں پایا جاتا ہے.فاؤنڈیشن کے ریسرچ ڈائریکٹر ہیری بینسن کا کہنا تھا کہ ’’برطانیہ میں روایتی طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ بچوں کی بہتر پرورش کے لیے ان کے والدین کی شادی ہونا یا نہ ہونا اہمیت نہیں رکھتا بلکہ والدین کا ایک ساتھ رہنا اہمیت رکھتا ہے مگر ہماری اس تحقیق نے اس خیال کو غلط ثابت کر دیا ہے.تحقیق میں یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ بچوں کی خوداعتمادی میں والدین کی آمدنی کا بھی کوئی عمل دخل نہیں ہوتا. صرف والدین کا شادی شدہ ہونا ہی ان کی خوداعتمادی کو بڑھاوا دینے کے لیے کافی ہوتا ہے.‘‘ہیری بینسن کا مزید کہنا تھا کہ ’’اس سے قبل کئی تحقیقات میں ثابت ہو چکا ہے کہ خوداعتمادی کا براہ راست تعلق لوگوں کے محفوظ رشتے سے جڑا ہوتا ہے. شادی شدہ لوگ اپنے تعلق کو زیادہ محفوظ سمجھتے ہیں اور بچے چونکہ اپنے والدین کے باہمی تعلق سے گہرا اثر لیتے ہیں لہٰذا وہ بھی خود کو محفوظ سمجھتے ہیں اور زیادہ بااعتماد ہوتے ہیں. بغیر شادی کے رہنے والے مردوخواتین اور علیحدہ ہوجانے والے میاں بیوی میں اس کے برعکس ہوتا ہے.‘‘واضح رہے کہ فاؤنڈیشن کی ایک گزشتہ تحقیق میں یہ بات سامنے آ چکی ہے کہ اپنے بچے کی 15ویں سالگرہ تک 93فیصد وہی والدین ایک ساتھ رہتے ہیں جو شادی شدہ ہوتے ہیں. بغیرشادی کے بچہ پیدا کرنے والے اس کی 15سالگرہ سے پہلے ہی الگ ہو چکے ہوتے ہیں.

..


قدرت میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
Loading...

تازہ ترین

To Top