پاکستان سپر لیگ کے فائنل کیلئے متبادل منصوبہ تیاراگر غیر ملکی کھلاڑی سیکیورٹی خدشات کی بنا ء پر پاکستان آنے کیلئے تیار نہیں ہوئے، تو پی سی بی فروری کے آخری ہفتے میں دوبارہ ڈرافٹنگ کرے گا جس میں مقامی پلیئرز بھی زیر غور آئیں گے، ذرائع

51

کراچی (یو این پی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور میں منعقد کرانے کی باضابطہ تصدیق کر دی. پی سی بی ترجمان کے مطابق پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں نو مارچ کو ہو گا اور اگر غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آنے کیلئے تیار نہیں ہوں گے تو اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے متبادل پلان بھی بنا لیا گیا ہے.

پی سی بی ترجمان کے مطابق اگر غیر ملکی کھلاڑی سیکیورٹی خدشات کی بنا ء4 پر پاکستان آنے کیلئے تیار نہیں ہوئے تو پھر اس صورت میں پی سی بی فروری کے آخری ہفتے میں دوبارہ ڈرافٹنگ کرے گا جس سے فرنچائز غیر ملکی کھلاڑیوں کی جگہ کسی دوسرے کھلاڑی کو اسکواڈ میں شامل کر سکیں گی. پی سی بی ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب بہت سے غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آکر فائنل کھیلنے کیلئے الجھن سے دوچار ہیں. واضح رہے کہ پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کے میچز شارجہ اور دبئی میں نو فروری سے شروع ہوں گے. پی سی بی ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ دنوں کراچی میں ہونے والے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھاکہ فائنل لاہور میں ہی کرایا جائے گا. پی سی بی غیر ملکی کھلاڑیوں کو راضی کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ و ہ ایونٹ کا فائنل پاکستان میں آکر کھیلیں تاہم اگر وہ تیار نہیں ہوتے تو پھر نئی ڈرافٹنگ ہو گی جس میں ان غیر ملکی کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے گا جو پاکستان آکر کھیلنے کیلئے تیار ہوں گے. اگر کوئی بھی غیر ملکی کھلاڑی فائنل پاکستان میں آکر کھیلنے کیلئے تیار نہیں ہوا تو پھر مقامی کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے گا.یوا ین پی کے مطابق بورڈ نے فائنل لاہور میں ہی کرانے کیلئے کافی اقدامات کئے ہیں لیکن ٹورنامنٹ کے بعض معاملات سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہیں جس کیلئے پی سی بی کو امید ہے کہ سیکیورٹی ایجنسیز اور پنجاب حکومت ٹورنامنٹ کیلئے اجازت دیں گی. پی سی بی نے غیر ملکی کھلا ڑیوں کو پاکستان آنے پر راضی کرنے کیلئے چار بلٹ پروف بسیں بھی خرید ی ہیں جبکہ انہیں میچوں کے دوران ہوائی سفر کے بہترین انتظامات کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے. دوسری جانب انٹرنیشنل پلیئرز ایسو سی ایشن کے مطابق پاکستان میں جاکر کھیلنے سے غیر ملکی کھلاڑیوں کی جان کو خطرہ ہو گا. واضح رہے کہ فیکا کا موقف اس وقت سامنے آیا تھا جب پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ٹورنامنٹ کا فائنل لاہور میں کرانے کا اعلان کیا تھا. پی سی بی ترجمان کے مطابق غیر ملکی کھلاڑیوں کو قائل کرنے کیلئے سیکیورٹی اداروں سے صورتحال پر تازہ ترین رپورٹ بھی لی جائے گی. پی ایس ایل فائنل کے علاوہ پی سی بی نے ویسٹ انڈیز کو لاہور میں دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کیلئے بھی مدعو کر رکھا ہے اور یہ دورہ ویسٹ انڈین پلیئرز ایسو سی ایشن کی کلیئرنس سے مشروط ہے. انگلش اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے صدر جائلز کلارک جو آئی سی سی ٹاسک فورس کے بھی سربراہ ہیں ، وہ ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے آفیشلز کے ساتھ سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کریں گے اور ان کی جانب سے مثبت جواب کی صورت پر پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے میں مدد ملے گی. واضح رہے کہ دو ہزار نو میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر دہشت گرد حملے کے بعد سے صرف زمبابوے نے تین ون ڈے میچوں کی سیریز کیلئے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور تمام میچز لاہور میں کھیلے گئے تھے...


قدرت میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
Loading...

تازہ ترین

Daily QUDRAT is an UrduLanguage Daily Newspaper. Daily QUDRAT is The Largest circulated Newspaper of Balochistan .

رابطے میں رہیں

Copyright © 2017 Daily Qudrat.

To Top