‘کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ٹیمل ملز پر انحصار ہوگا’

اسلام آباد (قدرت روزنامہ07فروری2017)کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفرازاحمد نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں سرفہرست پوزیشن حاصل کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ باؤلنگ میں ان کی ٹیم کا انحصار انگلش باؤلر ٹیمل ملز پرہوگا.

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جاری ایک ویڈیو پیغام میں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ 'دیانت داری کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ مجھے نئی ٹرافی واقعی پسند آئی اور ٹرافی کو دیکھنے کے بعد لیگ میں کچھ کر دکھانے کے لیے جوش میں مزید اضافہ ہوا ہے'.

سرفراز نے کہا کہ 'ہمیں لیگ میں اپنے میچ کے لیے کچھ دن باقی ہیں تاہم گزشتہ سال کی طرح اس دفعہ بھی ٹیم کے اتحاد کو برقرار رکھتے ہوئے بہتر کارکردگی دکھانا ہمارا اولین مقصد ہے'.

ٹیم کی باؤلنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ان کی ٹیم انگلینڈ کے فاسٹ باؤلر ٹیمل ملز پر انحصار کرے گی.

ملز کو پی ایس ایل میں بلے بازوں کے لیے ایک مشکل باؤلر قرار دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 'بحیثیت کپتان میں بہت خوش ہوں کہ ان جیسا فاسٹ باؤلر ہماری ٹیم میں موجود ہے'.

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کےکپتان اپنے بلے بازوں کی صلاحیت سے بھی مطمئن ہیں اور کہا کہ ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کی شمولیت سے مڈل آرڈر مزید مضبوط ہوگا.

ان کا کہنا تھا کہ 'ہمارے پاس مڈل آرڈر میں تھیسارا پریرا اور ریلی روسو ہیں اور ان دونوں کی شمولیت سے ہماری ٹیم کا توازن اچھا ہوگا'.

سرفراز کو ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں نورعلی اور حسان خان سے بھی بڑی توقعات وابستہ ہیں جو ٹیم میں ایمرجنگ کیٹگری سے منتخب ہوکر آئے ہیں.

پی ایس ایل کا پہلا فائنل کھیلنے والی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ 'نور اور حسان دونوں باصلاحیت کھلاڑی ہیں لیکن حسان اس پی ایس ایل میں لوگوں کی توجہ حاصل کرنے جارہے ہیں'.

پی ایس ایل کا آغاز 9 فروری کو دفاعی چمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاورزلمی کے درمیان میچ سے ہوگا اور 7 مارچ کو لاہور میں فائنل کھیلا جائے گا.

..


قدرت میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
Loading...

تازہ ترین

To Top