بھارتی ٹی وی کے مقبول ترین پروگرام ’’بگ باس ‘‘ کو پاکستان میں لائیو پیش کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئیں

کراچی (قدرت روزنامہ01فروري2017) بھارتی ٹی وی کے مقبول ترین پروگرام ’’بگ باس ‘‘ کو پاکستان میں لائیو پیش کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئیں. ذرائع نے انکشاف کیا کہ ایک نجی ٹی وی چینل میں ’’بگ باس ‘‘پاکستانی روپ میں پیش کرنے کیلئے سپر ہائی وے پر خصوصی طور پر قطعہ اراضی پرسٹوڈیو بنانا شروع کردیا گیا ہے جس میں مذکورہ شو کی شوٹنگ کی جائیگی جس میں فنکاروں کو بھارتی ’’بگ باس ‘‘جیسی سہولتیں دی جائینگی اس شو کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کیلئے تیاریوں کو خفیہ رکھا جارہا ہے .

پاکستانی فنکاروں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی فنکاروں و ماڈلز کو بھی اس شو میں شامل کیا جائیگا جس کی منصوبہ بندی سٹوڈیو کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد کی جائیگی. مذکورہ شو کی کاغذی تیاریاں جاری ہیں ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا کہ بھارتی پروگرامز کی ملکی چینلز پر پابندی کے بعد کئی اور چینلز نے بھی انٹرٹینمنٹ کے پروگرامز ملکی سطح پر تیار کرنے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے جس کیلئے بھارتی فنکاروں سے بھی ان شوز میں شرکت کیلئے گنجائش رکھی جائیگی. ابتدائی طورپر بھارت ، ایران، ترکی و دیگر ممالک میں بسنے والے مسلم فنکاروں کو ترجیح دی جائیگی. ان تفریح سے بھر پور ٹاک شو ، ڈانس و میوزیکل شوز کیلئے نئے ابھرتے ہوئے فنکاروں کے گروپس بھی تشکیل دئیے جارہے ہیں جن کو ایک معاہدے کے تحت پابند کیا جائے گا کہ وہ کسی اور چینل کے شو ز میں پرفارم نہیں کریں گے ان پروگرامز کی تیاریوں کی وجہ بیان کرتے ہوئے اشتہاری اداروں سے وابستہ متعد د شخصیات نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا ہے کہ بھارتی ڈراموں و پروگرامز پر ملکی چینلز پر پابندی سے بین الاقوامی برانڈز کے اشتہارات ملنا بند ہوگئے ہیں انکا بزنس کا حجم کم سے کم ہورہا ہے اس صورتحال میں پاکستانی فنکاروں نے بھی دبے الفاظ میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے .

..


قدرت میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
Loading...

تازہ ترین

To Top