مال روڈ پر خودکش حملے میں شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

23

لاہور(قدرت روزنامہ14فروری 2017) گزشتہ روڈ مال روڈ پر خودکش حملے میں شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے جب کہ شہر کی فضا بدستور سوگوار ہے. ایکسپریس نیوزکے مطابق ایلیٹ پولیس ٹریننگ اسکول بیدیاں میں ڈی آئی جی ٹریفک سید احمد مبین، ایس ایس پی زاہد گوندل سمیت دیگر پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کی گئی، نمازجنازہ میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی، وزیرقانون پنجاب رانا ثناءاللہ اور دیگراعلیٰ سیاسی، سرکاری اورعسکری شخصیات نے شرکت کی، نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد ڈی آئی جی ٹریفک احمدمبین شہید کیولری گراؤنڈ کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا جب کہ دیگر شہدا کے جسد خاکی ایمبولینسوں کے ذریعے ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردیئے گئے.

سانحہ مال روڈ پرلاہورکی فضا سوگوار ہے، شہر کے تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز اور تجارتی علاقے بند ہیں، پنجاب حکومت کی جانب سے واقعے پرایک روزہ سوگ منایا جارہا ہے جس کے تحت صوبے بھرکی تمام سرکاری، نیم سرکاری اوراہم نجی عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے. اس کے علاوہ پنجاب بار کونسل کی اپیل پرصوبے بھر کی ماتحت عدالتوں میں وکلا یوم سوگ منارہے ہیں، ماتحت عدالتوں میں وکلا کے پیش نہ ہونے کی وجہ سے ہزاروں مقدمات التوا کا شکار ہوگئے ہیں. دوسری جانب لاہور کے مختلف سرکاری اسپتالوں میں سانحے میں زخمی ہونے والوں کا علاج جاری ہے، اس وقت گنگا را م اسپتال میں 33، میو اسپتال میں 21 اور سروسز اسپتال میں 15 مریض زیر علاج ہیں، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے. اس کے علاوہ پنجاب پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر حساس ادارے دھماکے کی تحقیقات کررہے ہیں، دھماکے کی جگہ کے ارد گرد شامیانے اور خاردار تاریں لگا دی ہیں، سی ٹی ڈی اورحساس اداروں کے حکام نے دھماکے کی جگہ سے سیف سٹی کیمروں کی سی سی ٹی وی وڈیو حاصل کرلی ہیں. واضح رہے کہ گزشتہ روزپنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پرعین اس وقت خودکش حملہ ہوا تھا جب پولیس کے اعلی حکام وہاں احتجاج کرنے والوں سے مزاکرات کررہے تھے، واقعے میں ڈی آئی جی اور ایس ایس پی سمیت 7 پولیس اہلکار اور 6 عام شہری جاں بحق ہوئے تھے جب کہ درجنوں زخمی شہر کے مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں...


قدرت میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
Loading...

تازہ ترین

Daily QUDRAT is an UrduLanguage Daily Newspaper. Daily QUDRAT is The Largest circulated Newspaper of Balochistan .

رابطے میں رہیں

Copyright © 2017 Daily Qudrat.

To Top