سیون شریف دھماکے کی اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کی مذمت اور اظہار تشویش،امریکہ کی معاونت کی پیشکش

مذموم کارروائی میں ملوث دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے،سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی مذمت دہشت گردی کے خاتمے تک پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے، دہشت گردوں کی مقدس مقامات اور پرامن عبادت گاہوں پر کارروائیاں شرمناک اور ظالمانہ ہیں،ترجمان امریکی محکمہ خارجہ اور امریکی سفیر کے بیانات ،افغانستان،چین ،روس،ترکی ،سعودی عرب اور دیگر ملکوں کی بھی مذمت ،پڑوسی ملک بھارت بدستور خاموش اسلام آباد(اے این این) ملک میں دہشتگردی کی لہر پر اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کی مذمت اور اظہار تشویش،امریکہ کی معاونت کی پیشکش.تفصیلات کے مطابق ملک میں دہشتگردی کی تازہ لہر پر عالمی سطح پر تشویش اور انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے.

امریکانے درگاہ پر خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں.دہشت گردی کے خاتمے تک پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے.امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان مارک سی ٹونر نے سیہون شریف کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں تعاون کی پیشکش کی ہے. امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں.مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ امریکا دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا اور ان کا ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام کے ساتھ اور جنوبی ایشیائی خطے میں امن و استحکام کے لئے پرعزم ہے.اس کے علاوہ پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے سیہون دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی محترم اور قابل احترام مقام پر دہشت گردی کے حملے سے دھچکا لگا، دہشت گردوں کی مقدس مقامات اور پرامن عبادت گاہوں پر کارروائیاں شرمناک اور ظالمانہ ہیں. ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث عناصر کو کٹہرے میں لانے کے لئے حکومت پاکستان کو تعاون کی پیشکش کرتے ہیں.دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے سیہون شریف خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان اور عوام سے گہرے افسوس کا اظہارکیا ہے، اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس مذموم کارروائی میں ملوث دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے.ترجمان سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے بیان میں پاکستانی حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کیااورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی. بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف حکومت پاکستان کی لڑائی کی اقوام متحدہ حمایت کرتا ہے . ادھر افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے بھی دھماکے کی مذمت کی ہے.اس کے علاوہ چین ،ترکی ،روس،ایران اور سعودی عرب نے بھی سخی شہباز قلندر کے مزار پر خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی جبکہ بھارت بدستور خاموش ہے .وزیر اعظم نواز شریف کے نام تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے ...


قدرت میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
Loading...

تازہ ترین

To Top