بھارت کے جابرانہ ہتھکنڈے کشمیریوں کو ان کی آزادی کی منزل سے نہیں روک سکتے ٗ میر واعظ عمر فاروق

جانی و مالی قربانیوں کی حفاظت اور خون سے سینچی ہوئی حق و انصاف پر مبنی تحریک آزادی ایک دن ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگی ٗ کشمیری کبھی بھی اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ٗ اجتماع سے خطاب سری نگر (اے این این) حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارت کے جابرانہ ہتھکنڈے کشمیریوں کو ان کی آزادی کی منزل سے نہیں روک سکتے ٗ جانی و مالی قربانیوں کی حفاظت اور خون سے سینچی ہوئی حق و انصاف پر مبنی تحریک آزادی ایک دن ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگی ٗ کشمیری کبھی بھی اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے . صورہ میں نوجوانوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سرکاری فورسز کے مقامی آبادی پر ٹوٹ پڑنے، ظلم و تشدد اور مہلک ہتھیار پیلٹ کے قہر سے درجنوں شہریوں کو شدید زخمی کر دینے کی وحشیانہ کارروائیوں اور صورہ کے تقدس کی پامالی کیخلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان کی پر زور الفاظ میں مذمت کی .

میرواعظ نے متاثرہ لوگوں خاص طور پر زخمیوں کی حوصلہ افزائی کرنے اور انہیں حوصلہ دیتے ہوئے یہ بات واضح کی کہ بدترین ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں کشمیر کے طول و عرض میں جاری مسلسل ظلم و زیادتی اور جبر و استبداد کی کارروائیوں سے حریت پسند کشمیری عوام اپنے آزادی کے مطالبہ سے ہرگز پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں اور نہ ہی اس طرح کی کارروائیاں ہمیں اپنے بلند مقصد اور ہدف کے حصول سے روک سکتی ہیں. میرواعظ نے کہا کہ بے پناہ جانی و مالی قربانیوں کی حفاظت اور خون سے سینچی ہوئی حق و انصاف پر مبنی تحریک حق خودارادیت کو اس کے منطقی انجام تک لیجانے کیلئے ہر سطح پر یکسوئی اور عزم و استقامت کا مظاہرہ انتہائی ضروری ہے اور تحریک کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے قیادت وعدہ بند ہے .دریں اثنا حریت ترجمان نے سینئر حریت رہنما مختار احمد وازہ ، حریت میڈیا ایڈوائزر ایڈوکیٹ شاہد الاسلام کی مسلسل حراست کے دوران ان رہنماؤں کی تیزی سے بگڑتی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بین الاقوامی جیل قوانین کے تحت نہ تو انہیں ڈاکٹروں سے ملنے کی اجازت دی جارہی ہے اور نہ ہی انکا طبی معائنہ کرایا جارہا ہے .ترجمان نے سرکردہ انسانی حقوق کارکن خرم پرویز کی گرفتاری کے بعد لگاتار موصوف کو قید میں رکھنے کی کارروائی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اسکی شدید ملامت کی.ترجمان نے اس بات پر حیرت اور افسوس کا اظہار کیا کہ گرفتار کئے گئے بے گناہ اور معصوم نوجوانوں کی رہائی کے بدلے پولیس اور ایجنسیاں بڑے پیمانے پر انکے والدین اور سرپرستوں سے بھاری معاوضہ طلب کررہی ہیں جو انتہائی شرمناک اور قابل مذمت ہے...


قدرت میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
Loading...

تازہ ترین

To Top