پانامہ کیس پر سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ ملک کے 20کروڑ عوام کی دعاؤں کا نتیجہ ہے‘ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری

کوئٹہ (خ ن ) مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر چیف آف جھالاوان وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ پانامہ کیس پر سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ ملک کے 20کروڑ عوام کی دعاؤں کا نتیجہ ہے.قوم کو تاریخی فیصلے پر اپنی جانب سے دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، الحمداللہ حق اور سچ کی فتح ہوئی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے نے تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف صادق اور امین ہیں.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ(ن) کی جانب سے سپریم کورٹ کے پانامہ کیس کے فیصلے کے تناظر میں وزیراعظم محمد نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لیے نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر صوبائی وزراء میر سرفراز بگٹی، سردار در محمد خان ناصر، اراکین صوبائی اسمبلی میر عاصم کرد گیلو، حاجی میر اکبر آسکانی، غلام دستگیر بادینی، ڈپٹی میئر محمد یونس بلوچ، مسلم لیگ (ن) کے صوبائی جنرل سیکریٹری نصیب اللہ بازئی، وزیراعلیٰ کے کوآرڈینیٹر آغا نواب شاہ اور پارٹی کی دیگر صوبائی قیادت بھی موجودتھی، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کا خاندان آئین اور قانون کی پاسداری پر پختہ یقین رکھتا ہے اور جے آئی ٹی سے مکمل تعاون کرے گا.وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم نے عدلیہ پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو بھی فیصلہ آئے گا ہم اسے تسلیم کریں گے، مخالفین کو بھی یہ فیصلہ تسلیم کرنا چاہیے، کیونکہ سپریم کورٹ ایک مقدس ادارہ ہے اور عدلیہ کے فیصلوں پر تنقید درست فعل نہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ 2018 کے انتخابات قریب ہیں، کون حق پر ہے اور کون غلط ہے اس کا فیصلہ عوام کرے گی، انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین نے دھرنے دیئے ، لاک ڈاؤن کیا اور سپریم کورٹ گئے لیکن ان کے تمام حربے ناکام اور دستاویزات جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئیں اور عوام بھی ان کے ساتھ نہیں ہیں، مخالفین کو ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں اپنی منفی روش تبدیل کرنا ہوگی ورنہ انہیں 2018 کے انتخابات میں اتنی نشستیں بھی نہیں ملیں گی جتنی اب ان کے پا س ہیں.مسلم لیگ(ن) 2018 کے عام انتخابات میں بھی دو تھائی اکثریت حاصل کر کے مرکز اور صوبوں میں حکومت بنائے گی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف ملک و قوم بالخصوص بلوچستان کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں،سی پیک عوام کی خوشحالی کا منصوبہ ہے جو بلوچستان کے لیے ہے، اس منصوبے سے بلوچستان کے لوگوں کی زندگی میں خوشحالی آئے گی، جو ان کا مقدر بن چکی ہے اور وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان ایشیاء کا اور بلوچستان پاکستان کا ٹائیگر بنے گا، انہوں نے کہا کہ مخالفین کو ملک و صوبے کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی اور ترقیاتی عمل کو روکنے کے لیے منفی ہتھکنڈے استعمال کئے جا رہے ہیں تاہم ان تمام ہتھکنڈوں کو عوام کی حمایت سے ناکام بنا دیا جائیگا. اس موقع پر وزیراعلیٰ نے آج بروز جمعہ بلوچستان بھر میں یوم تشکر منانے کا اعلان بھی کیا اور انہوں نے مسلم لیگ کے ضلعی عہدیداروں اور کارکنوں کو یوم تشکر بھرپور انداز میں منانے کی ہدایت کی ، بعدازاں وزیراعلیٰ بلوچستان نے مسلم لیگ(ن) کی جانب سے نکالی گئی ریلی کی قیادت کی جس میں صوبہ بھر سے آئے ہوئے لیگی کارکنوں اور عہدیداروں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی...


قدرت میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
Loading...

تازہ ترین

To Top