وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی جانب سے فارمسسٹس کے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر پاکستان فارمسسٹس ایسوسی ایشن بلوچستان نے ہڑتالی کیمپ ختم کر دیا ،

کوئٹہ( خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی جانب سے فارمسسٹس کے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر پاکستان فارمسسٹس ایسوسی ایشن بلوچستان نے ہڑتالی کیمپ ختم کر دیا ، واضح رہے کہ گذشتہ روز ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کر کے انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا تھا، جن کے حل کی وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی تھی، وفد سے بات چیت کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہناتھا کہ 1976کے ڈرگ ایکٹ کے تحت صوبے میں جعلی ادویات کی فروخت کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر مزید قانون سازی بھی کی جائے گی اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث عناصر جتنے بھی بااثر کیوں نہ ہوں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا. ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان فارماسسٹ ایسوسی بلوچستان کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیاجس نے ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر سلیم بلوچ کی قیادت میں ان سے ان کے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی صوبائی وزیر داخلہ میر سرفرازبگٹی اور رکن صوبائی اسمبلی نصر اللہ زیرے بھی اس موقع پر موجود تھے.

وفد نے وزیراعلیٰ کو ایسوسی ایشن کے چارٹرڈ آف ڈیمانڈ جس میں فارماسسٹ کے سروس اسٹرکچر کی تیاری بھی شامل ہے کے بار ے میں آگاہ کرتے ہوئے فارماسسٹس کو روزگار کی فراہمی اور دیگر مسائل کے حل کی درخواست کی . وزیراعلیٰ کی جانب سے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر ایسوسی ایشن نے فوری طور پر احتجاجی کیمپ ختم کرنے کا اعلان کیا. وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ فارماسسٹس کے مسائل کے حل کیلئے قائم پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کیا جائے گا. انہوں نے کہا کہ صوبے سے جعلی ادویات کے خاتمے کیلئے انہوں نے پختہ عزم کررکھا ہے کیونکہ یہ ہم سب کا قومی اور اخلاقی فریضہ بھی ہے اور انسانیت کا تقاضہ بھی ہے . انہوں نے فارماسسٹ پر زور دیا کہ وہ اندرون صوبہ عوام میں جعلی ادویات کے حوالے سے شعور اجاگر کریں اور اس کاروبار میں ملوث عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ انہیں انجام تک پہنچایا جاسکے. وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے ہاں آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے 70فیصد لوگ جعلی ادویات کا شکار ہوجاتے ہیں . انہوں نے اس موقع پر کہا کہ حکومت ہر اچھا کام کرنے والے افسروں اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرے گی بالخصوص جعلی ادویات کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرنے والے متعلقہ افسران اور اداروں کی بھرپور سرپرستی کی جائے گی ...


قدرت میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
Loading...

تازہ ترین

To Top